ملزموں وقار اور نوید سے چوری شدہ موٹر سائیکل، پارٹس اور اسلحہ برآمد
لاہور(کرائم رپورٹر) شفیق آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو رکنی منظم اور متحرک موٹر سائیکل چور گینگ کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان شہر کے مختلف علاقوں سے بغیر لاک کھڑی موٹر سائیکلیں چوری کرتے تھے اور بعد ازاں انہیں اپنے گھر لا کر پارٹس میں تقسیم کر دیتے تھے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان گرفتاری سے بچنے کے لیے چوری شدہ موٹر سائیکلوں کے پارٹس فروخت کر دیتے تھے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں گینگ کے سرغنہ کو چوری شدہ موٹر سائیکل گھر میں لاتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔شفیق آباد پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزمان وقار اور نوید کو گرفتار کیا۔ ملزمان کے قبضے سے ایک موٹر سائیکل، موٹر سائیکلوں کے مختلف پارٹس اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔ عاطف امیر نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او شفیق آباد اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ متحرک اسٹریٹ کریمنلز کے گرد مزید گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔