لاہور میں موسم نے اچانک خوشگوار رخ اختیار کر لیا ہے، جہاں کالی گھٹاؤں، ٹھنڈی ہواؤں اور بارش کے باعث گرمی کی شدت میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں تیز بارش شروع ہوئی، جبکہ قذافی سٹیڈیم اور اس کے اطراف میں بھی موسلا دھار بارش دیکھی گئی۔ بارش شروع ہوتے ہی گراؤنڈ اسٹاف نے فوری طور پر پچز کو کورز سے ڈھانپ دیا تاکہ میدان کو محفوظ رکھا جا سکے۔بارش کے باعث شائقینِ کرکٹ کی اسٹیڈیم میں داخلے کا عمل بھی متاثر ہوا اور کچھ وقت کے لیے انٹری روک دی گئی۔
دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ اور گردونواح میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ محکمہ موسمیات نے مزید شدید بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں موجودہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ بارش کے امکانات 40 فیصد تک موجود ہیں۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور مختلف علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق شام اور رات کے اوقات میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے، جس سے موسم مزید خوشگوار ہو سکتا ہے۔