دوحہ،تہران(آئی این پی ) قطر کے ساحلی علاقے کے قریب ایک تجارتی بحری جہاز پر میزائل یا ڈرون سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں جہاز پر آگ لگ گئی۔ غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دوحہ کے شمال مشرق سے 23 میل دور ایک کارگو جہاز کو پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا۔ برطانیہ کے بحری تجارتی آپریشنز (یو کے ایم ٹی او) نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایک بڑے تجارتی جہاز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ حملے کے بعد ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی جس پر بعد میں قابو پا لیا گیا ہے۔برطانوی میری ٹائم اتھارٹی نے بتایا کہ واقعے میں ایک شخص کے زخمی ہونے کی رپورٹ بھی سامنے آئی ہے۔اس واقعے کے فوری بعد ایرانی میڈیا کی جانب سے دعوی سامنے آیا کہ یہ کارروائی ایران کی جانب سے کی گئی ہے۔ایرانی خبر رساں ادارے فارس نیوز نے اپنی رپورٹ میں دعوی کیا ہے کہ قطر کے ساحلوں کے قریب جس بحری جہاز کو نشانہ بنایا گیا وہ امریکا کی ملکیت ہے اور اس وقت امریکی پرچم تلے سفر کر رہا تھا۔فارس نیوز نے ایک باخبر ذریعے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ نشانہ بننے والا بحری جہاز امریکی پرچم والا بلک کیریئر تھا اور اس کا تعلق براہ راست امریکا سے ہے۔ابھی تک اس حملے کے نتیجے میں ہونے والے جانی یا مالی نقصان کی مکمل تفصیلات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔