دھماکے سے آگ بھڑک اٹھی ، انجن سمیت تین کوچز پٹری سے اتر گئیں ، ٹرین کی ایک بوگی مکمل تباہ ،سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ

کوئٹہ؛ ٹرین کے قریب خوفناک دھماکا، ایف سی اہلکاروں سمیت 14 افراد شہید
 خودکش حملہ تھا، ، 100سے زائد زخمی، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ، دھماکہ کی آواز دور دور تک سنی گئی،10 گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا، پورے علاقے میں شدید فائرنگ، کالعدم بی ایل اے نے ذمے داری قبول کرلی 
کوئٹہ(آئی این پی )بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں چمن پھاٹک کے قریب ایک مسافر ٹرین کو مبینہ خودکش دھماکے کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں تین ایف سی اہلکاروں ،خواتین و بچوں سمیت کم از کم 14 افراد جاں بحق اور100سے زائد زخمی ہوگئے،دھماکے کی گونج سے قریبی عمارتوں کے شیشے اور کھڑکیاں ٹوٹ گئیں، 20 کے قریب گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ، اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ پولیس حکام اور ریسکیو ذرائع کے مطابق یہ لرزہ خیز واقعہ اتوار کی صبح تقریباًآٹھ بجے کے قریب اس وقت پیش آیا جب ریلوے ٹریک کے قریب موجود ایک مسافر ٹرین کو نشانہ بنایا گیا، جس کے باعث ٹرین پٹری سے نیچے اتر گئی اور ایک بوگی الٹ گئی ۔ کینٹ سے آنے والی ٹرین شہر کی طرف جا رہی تھی۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی اور ٹریک کے ارد گرد کھڑی10کے قریب گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔۔قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ابتدائی تحقیقات اور پولیس کے بیانات کے مطابق یہ ایک خودکش حملہ تھا۔پولیس حکام نے ابتدائی معلومات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ چمن پھاٹک کے قریب ٹرین کو ریلوے ٹریک کے پاس نشانہ بنایا گیا ہے اور ابتدائی شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ یہ دھماکہ خودکش تھا۔دھماکے کے فورا بعد پورے علاقے میں شدید فائرنگ کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا جس کی وجہ سے امدادی کاموں میں مصروف ٹیموں اور مقامی لوگوں میں سخت خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم سیکیورٹی فورسز نے پوزیشنیں سنبھال کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔محکمہ صحت کے حکام اور پولیس کے ایک سینیئر آفیسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر 23 ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے جبکہ100سے زائدافراد زخمی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ لاشیں سول ہسپتال لائی گئی ہیں جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ ریسکیو ذرائع بتایا کہ حادثے میں اب تک 16 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ریسکیو حکام کے مطابق اب تک 8 لاشوں کو سول اسپتال کوئٹہ منتقل کیا جا چکا ہے اور باقی ہلاک ہونے والوں اور تمام زخمیوں کو بھی فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں پہنچا دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔