جمہوری انداز یہی ہے بات چیت سے معاملات حل ہوں، ہمیں پی ٹی آئی رہنمائوںنے بتایا جماعت میں اس پر مشاورت جاری ہے
مولانا فضل الرحمان کو کچھ خدشات ہیں ‘ کوشش کریں گے گلہ دور کریں ، بانی کی رہائی کا مطالبہ کیا، اس کا فیصلہ عدالت فیصلہ کرے گی:میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیر سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے ہم اپوزیشن کو اب بھی سیاسی مشاورت کی آفر کرتے ہیں، جمہوری انداز یہی ہے کہ بات چیت سے معاملات حل ہوں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر سینیٹر رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے میثاق استحکام پاکستان کرنے کا کہا اور یہ آفر اب بھی ہے، وزیراعظم کی آفر کو مانا جائے اور ہم ہر طرح کی بات کرنے کو تیار ہیں۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سیاسی ڈائیلاگ کے لیے ہمیں پی ٹی آئی نے بتایا کہ ہماری جماعت میں اس پر مشاورت جاری ہے، اپوزیشن نے کہا ہے کہ آپسی مشاورت کے بعد ہم حکومت کو بتائیں گے۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل نے جو کردار ادا کیا اس پر اپوزیشن نے بھی ساتھ دیا، مولانا فضل الرحمان کو کچھ خدشات ہیں تو ہم کوشش کریں گے ان کا گلہ دور کریں گے۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مولانا نے بانی کی رہائی کا مطالبہ کیا، اس میں ہمارا تعلق نہیں بلکہ عدالت ہی فیصلہ کرے گی، بانی کی صحت میں بہتری کے لیے اچھے اور اعلی ماہرین موجود ہیں۔