وزیراعظم کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ‘ اعلی عسکری اور سول قیادت کی شرکت ‘جنگ بندی میں کلیدی کردار ادا کرنے پر فیلڈ مارشل کو بھرپور خراج تحسین پیش کیاگیا

(وزیراعظم سے فیلڈ مارشل کی ملاقات)امن کا موقع ضائع نہیں ہونے دینگےسیاسی و عسکری قیادت کا عزم
وزیراعظم اور اعلی عسکری حکام  کا مذاکرات کے مقام کا دورہ ، انتظامات کا جائزہ لیا ‘فرانس کے صدر کا وزیراعظم کو فون‘ ثالثی کی کوششوں پر مبارکباد دی‘ پاکستان خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا:شہبازشریف
حکومت بزنس ٹو بزنس تعلقات کو فروغ دینے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے، پاکستان ایک پائیدار، شفاف اور سہولیات پر مبنی سرمایہ کاری نظام پر یقین رکھتا ہے:چینی کمپنی کے وفد سے ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد(آن لائن‘آئی این پی )پاکستان کی اعلیٰ عسکری و سول قیادت نے اسلام آباد مذاکرات کو کامیاب بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے  امن کا یہ موقع ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا جبکہ جنگ بندی میں کلیدی کردار ادا کرنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو بھرپور خراج تحسین پیش کیاگیا۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا مشاورتی اجلاس ہوا۔اجلاس  میں اعلی عسکری اور سول قیادت نے شرکت کی ۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں اسلام آباد مذاکرات کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔اجلاس میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار،وزیر داخلہ محسن نقوی،وزیر دفاع خواجہ آصف اور سیکرٹری خارجہ بھی موجود تھے۔ذرائع کے مطابق شرکاء نے اسلام آباد مذاکرات کو کامیاب بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور جنگ بندی پر پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو عالمی سطح پر سراہا جارہا ہے۔شرکاء نے جنگ بندی میں کلیدی کردار ادا کرنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔قبل ازیں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر وزیراعظم ہائوس پہنچے تو وزیراعظم شہباز شریف نے استقبال کیا اور انہیں دو ہفتوں کی جنگ بندی پر مبارک باد دی۔وزیراعظم نے فیلڈ مارشل کے کردار کو سراہا اور کابینہ فیصلے کے حوالے سے بھی آگاہ کیا ، اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی بھی ہمراہ تھے۔قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے ایکس پر لکھا  پاکستان خطے میں پائیدار امن کے لیے کردار ادا کرتا رہے گا۔علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف اور اعلی عسکری حکام نے مذاکرات کے مقام کا دورہ کیا، وزیر داخلہ محسن نقوی اور سکورٹی حکام بھی ہمراہ تھے، مذاکرات کے انتظامات کا جائزہ لیا۔فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو ایران اورامریکہ کے درمیان ثالثی کی کوششوں پر مبارکباددی ہے اور کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے جبکہ سفارتی کاوشوں کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ایک چینی کمپنی کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور چین کے درمیان کاروباری تعلقات کو مزید بڑھانے پر بات چیت کی گئی‘اس موقع پر شہبازشریف نے کہا
 پاکستان خطے میں پائیدار امن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا،حکومت بزنس ٹو بزنس تعلقات کو فروغ دینے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے، پاکستان ایک پائیدار، شفاف اور سہولیات پر مبنی سرمایہ کاری نظام پر یقین رکھتا ہے۔شہباز شریف نے کہاا خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے ذریعے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ آسانی سے پاکستان میں سرمایہ کاری کر سکیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مشترکہ منصوبے دونوں ممالک کی معیشت کیلئے نہایت اہم ہیں، کیونکہ ان سے روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں، ٹیکنالوجی کا تبادلہ ہوتا ہے اور برآمدات میں اضافہ ہوتا ہے۔