آپریشن بنیان مرصوص پاک افواج و فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کااعتراف : سرفراز بگٹی

 پاکستان ایک امن پسند ملک ، کسی بھی بیرونی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے،وزیراعلیٰ بلوچستان 
 کوئٹہ(آئی این پی )وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ آپریشن بنیان مرصوص پاک افواج اور فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا اعتراف ہے،پاک فوج اور فضائیہ نے بھرپور انداز سے دشمن کو موثر جواب دیا ہے ۔ اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہماری افواج ہمارا فخر ہے جنہوں نے ہمیشہ ملکی دفاع اور سالمیت کے لیے سرزمین پاکستان اور اس کے سرحدوں کی حفاظت کی ہے۔ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے لیکن کسی بھی بیرونی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پاکستان نے سفارتی محاذ پر بھی عالمی برادری کو بھارت کے ناپاک عزائم سے آگاہ کیا ہے، پوری قوم اپنے افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔دشمن کسی غلط فہمی میں نہ رہے کہ وہ اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب ہوگا جبکہ پاکستان ہمیشہ زندہ باد ہی رہے گا۔