سوئمنگ پول میں ڈوبنے سے 53 سالہ خاتون جاں بحق

سوئمنگ پول میں ڈوبنے سے 53 سالہ خاتون جاں بحق

کراچی: ماڑی پور تھانے کی حدود میں واقع ہاکس بے ٹرٹل بیچ کے قریب ایک ہٹ پر بنے سوئمنگ پول میں معمر خاتون ڈوب کر جاں بحق ہوگئیں۔

 واقعہ اُس وقت پیش آیا جب خاتون اہلِ خانہ کے ساتھ پکنک منانے آئی تھیں۔پولیس رپورٹ کے مطابق 53 سالہ نیئر سلطان زوجہ غلام فاروق، جو بحریہ ٹاؤن سپر ہائی وے کی رہائشی تھیں، اپنے بچوں کے ہمراہ ہاکس بے کے قریب واقع ایک ہٹ پر موجود تھیں۔ ان کے بچے اور بچیاں ساحل کی جانب گئے ہوئے تھے جبکہ وہ خود ہٹ پر موجود تھیں۔ اسی دوران وہ سوئمنگ پول میں گئیں اور پاؤں سلپ ہونے کے باعث گہرے پانی میں جاگریں۔خاتون کو تشویشناک حالت میں سوئمنگ پول سے نکال کر فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹرز نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔

ایس ایچ او ماڑی پور چوہدری سلیم کے مطابق واقعے کی ابتدائی تفتیش میں کسی مجرمانہ غفلت کے شواہد نہیں ملے۔ قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد خاتون کی لاش ورثا کے حوالے کردی گئی۔پولیس نے مزید بتایا کہ واقعہ افسوسناک حادثہ معلوم ہوتا ہے، تاہم ضابطے کی کارروائی کے تحت مزید تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔