نشتر کالونی میں افسوسناک واقعہ: 4 سالہ بچی سوئمنگ پول میں ڈوب کر جاں بحق

نشتر کالونی میں افسوسناک واقعہ: 4 سالہ بچی سوئمنگ پول میں ڈوب کر جاں بحق

لاہور کے علاقے نشتر کالونی میں ایک افسوسناک حادثے میں 4 سالہ بچی عنائیہ سوئمنگ پول میں ڈوب کر جان کی بازی ہار گئی۔ واقعے کے بعد علاقے میں افسوس اور سوگ کی فضا چھا گئی۔

تفصیلات کے مطابق ننھی عنائیہ اپنے ہمسائے کے گھر میں بنے ایک چھوٹے سوئمنگ پول میں کھیل رہی تھی، جب اچانک وہ پانی میں ڈوب گئی۔ بچی کی حالت غیر ہونے پر اہل خانہ نے فوری طور پر ریسکیو 1122 کو اطلاع دی۔ریسکیو اہلکار فوری موقع پر پہنچے اور بچی کو بے ہوشی کی حالت میں طبی امداد کے لیے لاہور جنرل ہسپتال منتقل کیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکی اور دورانِ علاج دم توڑ گئی۔پولیس حکام کے مطابق بچی کی لاش تحویل میں لے لی گئی ہے اور واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر پولیس واقعے کو حادثہ قرار دے رہی ہے، تاہم مکمل حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ اور تحقیقات کے بعد سامنے آئیں گے۔واقعے پر اہل علاقہ اور بچی کے اہل خانہ شدید غم زدہ ہیں۔ شہری حلقوں کی جانب سے گھروں میں غیر محفوظ سوئمنگ پولز اور بچوں کی نگرانی میں غفلت پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے، اور مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ والدین اور سرپرست بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے محتاط رہیں تاکہ ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔