کراچی: واٹر پارک کے سوئمنگ پول میں 11 سالہ طالبہ ڈوب کر جاں بحق

کراچی: واٹر پارک کے سوئمنگ پول میں 11 سالہ طالبہ ڈوب کر جاں بحق

کراچی: گڈاپ ٹاؤن میں اسکول پکنک پر آنے والی چوتھی جماعت کی 11 سالہ طالبہ مبینہ طور پر واٹر پارک کے سوئمنگ پول میں نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہوگئی۔

پولیس کے مطابق واقعہ گڈاپ سٹی تھانے کی حدود میں ستانی روڈ پر واقع سن رائز واٹر پارک و فارم ہاؤس میں پیش آیا، جہاں محمود آباد چنیسر گوٹھ کے گرین فلیگ پبلک اسکول کے طلبہ اور اسکول اسٹاف پکنک کے لیے آئے ہوئے تھے۔پولیس کا کہنا ہے کہ سوئمنگ پول میں نہاتے ہوئے 11 سالہ بچی ہنیزہ دختر فیاض شاہ مبینہ طور پر ڈوب گئی۔ واقعے کے بعد بچی کو فوری طور پر نکال کر طبی امداد کے لیے منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکی۔چھیپا ایمبولینس کے ذریعے بچی کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی، جہاں اس کی شناخت ہنیزہ کے نام سے ہوئی۔ایس ایچ او گڈاپ سٹی ممتاز مروت کے مطابق ہنیزہ گرین فلیگ پبلک اسکول میں چوتھی جماعت کی طالبہ تھی اور دیگر طلبہ و اسکول اسٹاف کے ہمراہ پکنک پر واٹر پارک آئی تھی۔

پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔رپورٹس کے مطابق کراچی کے ناردرن بائی پاس کے قریب ایک واٹر پارک کے سوئمنگ پول میں 11 سالہ لڑکی کے ڈوبنے کا یہ واقعہ 17 ستمبر کو رپورٹ ہوا، تاہم پولیس کی جانب سے مزید تفتیش کے بعد واقعے کی مکمل تفصیلات سامنے آنے کا امکان ہے۔