لاہور (ویب ڈیسک): اقبال ٹاؤن میں شہری کو گھر کی شفٹنگ مہنگی پڑ گئی، سامان کی منتقلی کے دوران لائے گئے گاڑی کے ڈرائیور نے لاکھوں روپے مالیت کا گھریلو سامان غائب کر دیا۔
ذرائع کے مطابق شہری نے اقبال ٹاؤن میں اپنے گھر کی شفٹنگ کے لیے ایک گاڑی کا انتظام کیا۔ گاڑی میں سامان لوڈ کرنے کے بعد جب مالک نے سامان کی منزل پر منتقلی کی بابت دریافت کیا تو ڈرائیور نے ٹال مٹول سے کام لیا۔ بعدازاں ڈرائیور نے اپنے ساتھیوں کو بلا لیا جنہوں نے موقع پر پہنچ کر متاثرہ شہری پر دھاوا بول دیا۔ملزمان نے اسلحہ لہراتے ہوئے شہریوں پر تشدد کیا اور دھمکیاں دیتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے۔
واقعے میں متعدد افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔اقبال ٹاؤن پولیس نے شہری کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے اور تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔