فیکٹری ایریا میں کم سن بچے کی پُراسرار موت؛ پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات شروع کر دیں

فیکٹری ایریا میں کم سن بچے کی پُراسرار موت؛ پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات شروع کر دیں

لاہور : فیکٹری ایریا کے علاقے پنجاب سوسائٹی میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک 11 سالہ کم سن بچے شہروز کی لاش پُراسرار حالت میں اس کے گھر سے برآمد ہوئی ہے۔

 واقعے نے علاقے میں خوف اور تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق، یہ واقعہ گزشتہ شب پیش آیا جب بچے کے والد، شاہد ملک، گھر واپس پہنچے تو انہوں نے اپنے بیٹے کو مردہ حالت میں پایا۔ اس وقت شہروز گھر میں تنہا موجود تھا۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے کر مردہ خانے منتقل کر دیا اور جائے وقوعہ کو فوراً سیل کر دیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق بچے کی گردن پر رسی کے نشانات پائے گئے ہیں، جس کے باعث پولیس قتل یا ممکنہ طور پر خودکشی کے پہلوؤں پر تفتیش کر رہی ہے۔واقعے کی سنگینی کے پیش نظر پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی (PFSA) کی ٹیموں کو موقع پر طلب کر کے شواہد اکٹھے کیے گئے ہیں، جن میں رسی، کمرے کی حالت، فنگر پرنٹس اور ڈی این اے کے نمونے شامل ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے چھان بین کی جا رہی ہے اور جلد حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں گے۔ مقتول بچے کے والدین اور قریبی رشتہ داروں سے بھی پوچھ گچھ جاری ہے۔اہل علاقہ نے اس واقعے پر افسوس اور غم کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ داروں کو جلد از جلد بے نقاب کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور فرانزک تجزیے کی روشنی میں حتمی نتیجہ اخذ کیا جائے گا۔