اپنی چھت اپنا گھر پروگرام میں رجسٹرڈ شہریوں کی تعداد 19 لاکھ پار کر گئی

اپنی چھت اپنا گھر پروگرام میں رجسٹرڈ شہریوں کی تعداد 19 لاکھ پار کر گئی

پنجاب حکومت کے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت عوام کو بلاسود قرضوں کی فراہمی کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔

اب تک پروگرام میں رجسٹرڈ افراد کی تعداد 19 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ 11 لاکھ 35 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔صوبائی وزیر برائے ہاؤسنگ بلال یاسین نے ڈی جی پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی سکندر ذیشان سے ملاقات کی، جس میں پروگرام اور محکمانہ امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اب تک 1,31,680 افراد کو گھروں کی تعمیر کے لیے بلاسود قرض فراہم کیا جا چکا ہے، جبکہ رواں ماہ مزید 18,375 افراد کو قرض دینے کا ہدف مقرر ہے۔صوبہ بھر میں 83,330 گھر مکمل ہو چکے ہیں اور 45,425 گھروں کی تعمیر جاری ہے۔منصوبے کے تحت اب تک 183 ارب روپے سے زائد رقم تقسیم کی جا چکی ہے جبکہ 8.4 ارب روپے کی ریکوری بھی کی گئی ہے۔دو ہزار خاندانوں کو مفت پلاٹس فراہم کیے جا رہے ہیں۔عیدالفطر کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب خوش نصیب خاندانوں کو گھروں کے مالکانہ حقوق بھی فراہم کریں گی۔