صوبائی وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین نے مناواں میں زیر تعمیر گھروں کا دورہ کیا اور قرض کی دوسری قسط کے چیک شہریوں میں تقسیم کیے۔
اس موقع پر ڈی جی پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی سیف انور جپہ بھی موجود تھے۔ بلال یاسین نے تحصیل واہگہ کے رہائشی محمد زاہد رشید اور شالیمار کے رہائشی تنویر صدیقی اور ارسلان سلیم کو قرض کی دوسری قسط کے چیک دیے۔وزیر ہاؤسنگ نے قرض کے حصول کے طریقہ کار اور دیگر سہولتوں اور مشکلات کے بارے میں بھی شہریوں سے بات کی۔ ایک بزرگ شہری نے وزیر اعلیٰ مریم نواز اور نواز شریف کے لیے دعائیں دیں، جس پر بلال یاسین نے کہا کہ آپ کی دعائیں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز تک پہنچائی جائیں گی۔وزیر ہاؤسنگ نے واضح کیا کہ قرض کی فراہمی سو فیصد میرٹ پر ہوگی اور یہ صرف قرعہ اندازی کے ذریعے دی جائے گی۔