اہل پنجاب کے لیے خوشخبری ہے کہ صوبائی حکومت نے اپنے انقلابی ہاؤسنگ منصوبے ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ کو مزید توسیع دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے جون 2026ء تک 1 لاکھ 60 ہزار گھر بنانے کا بڑا ہدف مقرر کر دیا ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ حکومت نے صدیوں پرانی روایت جوائنٹ فیملی سسٹم کو برقرار رکھنے اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ایک انقلابی پیکیج تیار کیا ہے۔ اس کے تحت جوائنٹ فیملیز کو اپنے گھروں کی توسیع کے لیے بلاسود اور آسان اقساط پر قرض فراہم کیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے گھروں کی توسیع کے لیے بلاسود قرضوں کے اجرا کی منظوری بھی دے دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی پنجاب کے شہریوں جن کے پاس اپنی زمین نہیں ہے، انہیں زمین فراہم کی جائے گی اور گھر بنانے کے لیے بلاسود قرض بھی دیا جائے گا۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ نے ’’اپنی زمین، اپنا گھر‘‘ کے تحت 1534 پلاٹس کی الاٹمنٹ کی منظوری دی ہے۔
پہلے مرحلے میں جہلم میں 194، قصور میں 129، فیصل آباد میں 84 اور لودھراں میں 59 پلاٹس قرعہ اندازی کے ذریعے دیے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے اس قرعہ اندازی کے عمل کو جلد مکمل کرنے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔خصوصی اجلاس میں سیکرٹری ہاؤسنگ اور ڈی جی پھاٹا نے بتایا کہ پراجیکٹ کے رجسٹرڈ یوزرز کی تعداد 18 لاکھ 80 ہزار 81 ہے جبکہ درخواست گزاروں کی تعداد 10 لاکھ 66 ہزار 559 ہے۔
پنجاب بھر میں اس پراجیکٹ کے تحت اب تک 67 ہزار 197 گھر آباد ہو چکے ہیں اور 53 ہزار 843 مکانات زیر تعمیر ہیں۔ اس پروگرام کے تحت 164 ارب 66 کروڑ روپے کے قرضے جاری کیے جا چکے ہیں اور ریکوری کی شرح 99 فیصد ہے۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ہدایت کی ہے کہ دوسری قسط جلد از جلد ادا کی جائے اور صارفین کے انتقال کی صورت میں پالیسی مرتب کی جائے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔