وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا "اپنی چھت اپنا گھر پروگرام" مقبولیت کی بلندیوں پر، درخواست گزاروں کی تعداد 7 لاکھ 55 ہزار سے تجاوز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے عوامی فلاحی منصوبے "اپنی چھت اپنا گھر پروگرام" نے ریکارڈ کامیابی حاصل کر لی ہے۔

محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق اب تک اس پروگرام کے لیے درخواست گزاروں کی تعداد 7 لاکھ 55 ہزار سے زائد ہو گئی ہے، جو عوام کے بے پناہ اعتماد کا ثبوت ہے۔صوبائی وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین کی زیرصدارت اہم اجلاس میں سرکاری محکموں کے کم آمدن ملازمین کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں اسپیشل سیکرٹری ہاؤسنگ، ڈی جی پھاٹا اسکندر ذیشان اور پراجیکٹ ڈائریکٹر نے تفصیلی بریفنگ دی۔وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے اجلاس کو بتایا کہ پنجاب ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں، محکمہ صحت، محکمہ تعلیم سمیت دیگر سرکاری محکموں میں خصوصی کاؤنٹرز قائم کیے جائیں گے تاکہ ملازمین کو آسان سہولت فراہم ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ کم آمدن والے ملازمین کو گھروں کی تعمیر کے لیے 15 لاکھ روپے تک بلا سود قرض فراہم کیا جائے گا۔

مزید بتایا گیا کہ اب تک 79 ارب 34 کروڑ روپے کی خطیر رقم مستحق خاندانوں میں تقسیم کی جا چکی ہے جبکہ اقساط کی مد میں 1 ارب 37 کروڑ روپے کی ریکوری بھی خزانے میں جمع کرائی جا چکی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اس فلاحی اقدام کو عوامی سطح پر بھرپور پذیرائی مل رہی ہے، اور یہ پروگرام کم آمدن طبقے کے لیے رہائشی سہولتیں فراہم کرنے میں سنگ میل کی حیثیت اختیار کر رہا ہے۔