پی ٹی اے کے زیراہتمام پاکستان میں 5 جی سپیکٹرم کی نیلامی

آئی ٹی شعبے کیلئے  بہت اہم  دن ہے، معیشت مستحکم کرنے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں :محمد اورنگزیب
 فائیو جی  انٹرنیٹ کے اجرا کے بعد ملک میں ترقی کی رفتار تیز ہوگی:وفاقی وزیر شزا فا طمہ  کا تقریب سے خطاب
اسلام آباد ( آن  لائن) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن  کے زیراہتمام پاکستان میں 5 جی انٹرنیٹ سروس کیلئے سپیکٹرم کی نیلامی کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔وزیرخزانہ محمد اورنگزیب، وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ، وزیراطلاعات عطا تارڑ نے چیئرمین پی ٹی اے حفیظ الرحمان کے ہمراہ فائیو جی سپیکٹرم نیلامی کا آغاز کیا اور اس موقع پر پی ٹی اے نے 600 میگا ہرٹس سپیکٹرم نیلامی کیلئے پیش کیا۔فائیو جی سپیکٹرم کی نیلامی کا پہلا گراؤنڈ 60 منٹ کیلئے ہوگا جبکہ بولی کیلئے اہل تینوں ٹیلی کام کمپنیاں نیلامی میں حصہ لے رہی ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبے کیلئے آج کا دن بہت اہم ہے، ملک کی معیشت کو مستحکم کرنے  کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، علاقائی صورتحال کے پیش نظر توانائی کی بچت کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی  شزا فاطمہ کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان میں پہلی بار فائیو جی متعارف ہو رہا ہے،، اس اقدام کے بعد جلد فور جی سروس میں نمایاں بہتری نظر آئے گی جبکہ آئندہ 6 ماہ کے اندر بڑے شہروں میں فائیو جی سروس دستیاب ہو جائے گی۔