ایران کے خلاف جنگ جیت چکے ہیں، نئی قیادت کو بھی ختم کریں گے:امریکی صدر‘ ٹرمپ کی باتیں بے معنی ہیں، خطے میں سلامتی یا تو سب کیلئے ہوگی یا کسی کیلئے بھی نہیں ہوگی:پاسداران
امریکہ سے دوبارہ بات چیت کا معاملہ زیر غور نہیں: ایرانی وزیر خارجہ‘ ایرانی بحریہ کے 50 سے زائد جہاز تباہ یا شدید نقصان کا شکار ہوئے:سینیٹ کام کی رپورٹ
سعودی عرب میں شیبہ آئل فیلڈ پر نیا حملہ ناکام، 12 ڈرون روک کر تباہ کردئیے گئے ‘آبنائے ہرمز کی بندش جاری رہی تو اس کے نتائج تباہ کن ہوں گے:سعودی عرب
فلوریڈا‘تہران‘ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکہ اور اسرائیل نے ایران کے کئی شہرو ں پر خو فناک بمباری کی جس کے دوران40ایرانی شہید ہو گئے جبکہ درجنوں عمارتیں تباہ ہوگئی‘دریں اثناء فلوریڈا میں کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ایران کے خلاف جنگ خاتمے کے قریب ہے، وقت سے پہلے ایران کی طاقت کو ختم کر دیا ہے، اب تک 5000 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا جا چکا ہے، نئی ایرانی قیادت کو بھی مار دیں گے۔ ایران کے خلاف جنگ جیت چکے ہیں، معلوم نہیں ایران شکست کب تسلیم کرے گا، ابھی مکمل فتح حاصل نہیں کی دشمن کے مزید پیچھے جائیں گے۔ ہم تعاقب کرکے دشمن کے خطرے کو ہمیشہ کیلئے ختم کریں گے، ایران کی نئی قیادت کو بھی نشانہ بنایا جائے گا، زمینی فوج بھیجنے کا فیصلہ ابھی نہیں کیا، ایران اسرائیل کو ختم کرنا چاہتا تھا، حملے کے سوا ہمارے پاس کوئی چارہ نہیں تھا۔ایرانی پاسداران انقلاب نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے جنگ کے خاتمے کا تعین ہم کریں گے۔جاری بیان میں کہا گیا ایران کے بارے میں ٹرمپ کی باتیں بے معنی ہیں، خطے میں سلامتی یا تو سب کیلئے ہوگی یا کسی کیلئے بھی نہیں ہوگی۔ امریکا اور اسرائیل کے حملے جاری رہے تو خطے سے ایک لیٹر تیل بھی برآمد ہونے نہیں دیں گے۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے امریکہ کے ساتھ مذاکرات کا بہت تلخ تجربہ رہا۔ دوبارہ بات چیت ہمارے ایجنڈے میں شامل نہیں‘مریکی سینٹرل کمانڈ نے ایران پر گزشتہ 10 دنوں کے حملوں کی تفصیلات جاری کر دیں۔سینٹ کام کے مطابق ایران میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز، پاسداران انقلاب کے ہیڈکوارٹرز، انٹیلی جنس مراکز اور فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا گیا۔ جاری بیان کے مطابق ایران میں بیلسٹک میزائل تنصیبات، میزائل سائٹس، اینٹی شپ میزائل سائٹس اور فوجی مواصلاتی نظام کو بھی حملوں میں تباہ کیا گیا۔سینٹ کام کا کہنا ہے کہ ایرانی بحریہ کے جہازوں کے ساتھ آبدوزوں کو بھی نشانہ بنایا گیا جبکہ بیلسٹک میزائل اور ڈرون بنانے والی تنصیبات پر بھی حملے کیے گئے ہیں۔ امریکی کمانڈ کے مطابق 10 دنوں کے دوران ایران میں 5 ہزار سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا گیا جبکہ ایرانی بحریہ کے 50 سے زائد جہاز تباہ یا شدید نقصان کا شکار ہوئے ہیں‘سعودی وزارت دفاع نے منگل کو بھی مملکت کے فضائی دفاعی نظام کی مدد سے نئے حملوں کو ناکام بنانے کا اعلان کیا ہے۔سعودی خبررساںادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت کے ترجمان نے بیان میں کہا شیبہ آئل فیلڈ کی طرف بڑھنے والے 12 ڈرونز کو الربع الخالی میں روک کر تباہ کردیا گیا