جے یو آئی ، تحریک انصاف رابطے بحال
تحریک انصاف اور جمعیت علمائے اسلام کے رہنماؤں کا پارلیمنٹ لاجز میں اجلاس ،سیاسی معاملات پر ہم آہنگی پیدا کرنے کیلئے بامقصد مذاکرات کئے گئے ، رمضان المبارک میں ہی مشترکہ لائحہ عمل کے ساتھ عوام کے سامنے آئیں گے: رہنمائوں کی گفتگو
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ )پاکستان تحریک انصا ف اور جمعیت علمائے اسلام کے درمیان احتجاجی تحریک کیلئے رابطے جاری ہیں، گزشتہ روزپاکستان تحریک انصاف اور جمعیت علمائے اسلام کے رہنماؤں کا ایک اہم اجلاس پارلیمنٹ لاجز میں ہوا۔ترجمان تحریک تحفظ آئین پاکستان اخونذادہ حسین یوسفزئی کے مطابق اجلاس میں پی ٹی آئی کی جانب سے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ، سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، جنید اکبر، ایم این اے عاطف خان اورعامر ڈوگر شریک ہوئے جبکہ جے یو آئی کے جنرل سیکرٹری مولانا عبدالغفور حیدری اورسینئر رہنما سینیٹر کامران مرتضیٰ نے اجلاس میں شرکت کی۔ملاقات نہایت خوش گوار ماحول میں ہوئی اور کھلے لفظوں میں بحث ہوئی۔ اس بات پر اتفاق ہوا کہ جو پیشرفت اجلاس میں ہوئی اس پر ہم عمران خان اور مولانا فضل الرحمن کی حتمی رائے لینے کے بعد رمضان المبارک میں ہی مشترکہ لائحہ عمل کے ساتھ عوام کے سامنے آئیں گے۔ دونوں جماعتوں کے درمیان سیاسی معاملات پر ہم آہنگی پیدا کرنے کیلئے بامقصد مذاکرات کئے گئے ،جس میں مستقبل کے لائحہ عمل سے متعلق بھی بات چیت کی گئی۔