احتجاجی تحریک ملک گیر اور مسلسل ہوگی، لائحہ عمل جلد قوم کے سامنے لائیں گے بانی پی ٹی آئی

احتجاجی تحریک کے لئے اپنی اتحادی جماعتوں سمیت تحریک تحفظ آئین پاکستان، جی ڈی اے اور ماہ رنگ  بلوچ کو بھی دعوت دیں گے
مجھے جیل میں ڈال کر تین سال خاموش ہوجانے پر آرام سے بنی گالہ بیٹھ جانے کا کہا گیا مگر میں بزدل نہیں ہوں:سابق وزیراعظم کا پیغام
    راولپنڈی (یواین پی) پاکستان تحریک انصاف کے پیٹرن انچیف عمران خان کا کہنا ہے  اس بار ہماری احتجاجی تحریک ملک گیر اور مسلسل ہوگی جس کا لائحہ عمل جلد قوم کے سامنے لائیں گے۔ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل سے جاری پیغام میں انہوں نے کہا  اس ملک میں جنگل کا قانون نافذ ہے، تحریک انصاف پر تمام قانونی اور آئینی راستے بند کر دیئے گئے ہیں اس لیے میں اب خود بطور پارٹی سربراہ جیل سے احتجاجی تحریک کی سربراہی کروں گا، باہر میری نمائندگی عمر ایوب کریں گے، سلمان اکرم راجہ ہدایات پر عملدرآمد کروائیں گے، تحریک کا لائحہ عمل چند روز میں قوم کے سامنے پیش کر دیا جائے گا، اس احتجاجی تحریک کے لیے اپنی اتحادی جماعتوں سمیت تحریک تحفظ آئین پاکستان، جی ڈی اے اور ماہرنگ بلوچ کو بھی دعوت دیں گے، اس تحریک کو کوئی نہیں روک سکے گا۔عمران خان نے کہا کہ پاکستانی قوم کو میرا پیغام ہے کہ شاید یہ پھر سے میری ملاقاتوں پر پابندی عائد کر دیں لیکن آپ نے یاد رکھنا ہے کہ ووٹ میرا نہیں آپ کا چوری ہوا ہے، آواز میری نہیں آپ کی دبائی جا رہی ہے لہذا آپ کو خود پاکستان کی حقیقی آزادی کے لیے کھڑے ہونا ہوگا، بارہا کہہ چکا ہوں کہ‘‘آزادی کوئی پلیٹ میں رکھ کر نہیں دیتا’’، جس کے لیے ہماری احتجاجی تحریک ملک گیر اور مسلسل ہوگی کیوں کہ اسلام آباد میں سنائپرز تعینات ہوتے ہیں جو معصوم شہریوں اور پر امن احتجاجیوں پر سیدھے فائر کھول دیتے ہیں جو قتل عام تحریک انصاف کے ساتھ کیا گیا اور کسی جماعت کے ساتھ نہیں ہوا۔ان کا کہنا ہے کہ میرا اپنے پارٹی عہدیداران کو پیغام ہے کہ اگر میں جیل کاٹ سکتا ہوں تو آپ کو بھی کوئی ڈر نہیں ہونا چاہیئے، اب تک پارٹی سب کو بنی بنائی مل گئی تھی اب مشکل وقت ہے اور سب کا امتحان ہے، مجھے بھی جیل میں ڈالنے کے بعد تین سال خاموش ہو جانے پر آرام سے بنی گالہ بیٹھ جانے کا کہا گیا تھا جیسے نواز شریف کو دس سال تک چپ رہنا پڑا مگر میں بزدل نہیں ہوں جمہوریت کی بحالی کے لیے آخری دم تک جدوجہد کروں گا-