ضلع خیبر کے علاقے وادیٔ تیراہ میں یار گل خیل میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جس میں بوسیدہ کمرے کی چھت گرنے سے تین افراد جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق یہ حادثہ ایک مرلے کے مکان میں پیش آیا، جہاں مکان کی چھت بوسیدہ حالت میں تھی اور اچانک گر گئی۔حادثے کے وقت کمرے میں موجود شاہد، اس کی بیوی اور بیٹی تینوں ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گئے۔ ریسکیو ٹیم فوراً موقع پر پہنچی اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائی شروع کی۔ تقریباً دو گھنٹوں کی محنت کے بعد تینوں افراد کی لاشیں ملبے سے نکالی گئیں۔ریسکیو حکام کے مطابق چھت کی بوسیدہ حالت ہی اس سانحے کی وجہ بنی، جس کے باعث یہ المناک حادثہ رونما ہوا۔ اس حادثے نے علاقے میں سوگ کی فضا پیدا کر دی ہے اور مقامی لوگوں نے اس طرح کے حادثات کو روکنے کے لیے حفاظتی اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔