صنم سعید نے اپنی شکل و صورت اور حلیے پر تنقید کا بھرپور جواب دیا

صنم سعید نے اپنی شکل و صورت اور حلیے پر تنقید کا بھرپور جواب دیا

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی باصلاحیت اور ورسٹائل اداکارہ صنم سعید نے سوشل میڈیا پر ان کی شکل و صورت اور حلیے پر ہونے والی تنقید کا مؤثر جواب دے دیا ہے۔

حال ہی میں صنم سعید نے عاصم یار کے شو "اسٹار اینڈ اسٹائل" کے سیزن 5 میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر اور سوشل میڈیا ٹرولنگ سے متعلق کھل کر بات چیت کی۔شو کے دوران میزبان نے سوال کیا کہ کیا انہیں کبھی سوشل میڈیا پر منفی تبصرے یا ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا ہے؟ صنم سعید نے بتایا کہ خوش قسمتی سے، ان کے کیریئر میں انہیں بہت کم منفی رویوں کا سامنا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض اوقات لوگوں کی طرف سے صرف “کوجی” یا “کھوجی” جیسے الفاظ کہے گئے ہیں۔میزبان نے وضاحت کی کہ “کھوجی” کا مطلب جاسوس ہے، اور “کوجی” سے مراد وہ چہرہ لیا جاتا ہے جو روایتی خوبصورتی کے معیار پر پورا نہیں اترتا۔

اس پر صنم سعید نے اعتماد سے جواب دیا کہ اگر انہیں صرف “کوجی” کہا گیا ہے تو اسے وہ ٹرولنگ نہیں سمجھتیں کیونکہ یہ دراصل ان کے خالق پر تنقید ہے۔ انہوں نے کہا، “اللہ نے مجھے جیسا بنایا ہے، میں اسی پر مطمئن ہوں۔”عاصم یار نے گفتگو کے دوران یہ بھی کہا کہ پاکستان میں عموماً گورا رنگ اور مخصوص نقوش کو خوبصورتی کا معیار سمجھا جاتا ہے، جبکہ دنیا کے دیگر حصوں میں گندمی رنگت کو بھی سراہا جاتا ہے۔اس موقع پر صنم سعید نے بتایا کہ ان کا چہرہ کلاسیکی پاکستانی فیچرز رکھتا ہے اور اکثر لوگ انہیں ملاقات پر مختلف پاکستانی اداکاراؤں سے ملاتے ہیں۔