صنم سعید کا خواتین کے نصیب اور شادی سے متعلق معنی خیز پیغام وائرل

صنم سعید کا خواتین کے نصیب اور شادی سے متعلق معنی خیز پیغام وائرل

کراچی: پاکستانی اداکارہ صنم سعید نے سوشل میڈیا پر بیٹیوں کے نصیب، خوشیوں اور زندگی میں کامیابی سے متعلق ایک خوبصورت پیغام شیئر کرتے ہوئے والدین کو اہم پیغام دیا ہے۔

 اداکارہ نے واضح کیا ہے کہ کسی لڑکی کا اچھا نصیب صرف اچھی شادی یا اچھا جیون ساتھی ملنے تک محدود نہیں بلکہ زندگی کی دیگر نعمتیں بھی اس کی خوش قسمتی کا حصہ ہیں۔صنم سعید نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کی اسٹوری پر ’’آپ کا نصیب شادی سے کہیں بڑھ کر ہے‘‘ کے عنوان سے ایک پیغام شیئر کیا، جس میں بیٹیوں کی زندگی، ان کے مستقبل اور والدین کی دعاؤں کے حوالے سے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا۔شیئر کیے گئے پیغام میں کہا گیا کہ جب کسی گھر میں بیٹی پیدا ہوتی ہے تو والدین عموماً اس کے اچھے نصیب کے لیے دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ اسے بہترین نصیب عطا فرمائے، تاہم معاشرے میں اکثر اس دعا کا مفہوم صرف اچھا جیون ساتھی ملنے تک محدود کر دیا جاتا ہے۔پیغام میں اس سوچ پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا گیا کہ محبت کرنے والے والدین، تعلیم حاصل کرنے کے مواقع، حلال روزی، مخلص دوست اور دوسروں کی مدد کرنے کی توفیق بھی زندگی کی انتہائی قیمتی نعمتیں ہیں، جنہیں اچھے نصیب کا حصہ سمجھنا چاہیے۔اداکارہ کی جانب سے شیئر کیے گئے پیغام میں مزید کہا گیا کہ اللہ تعالیٰ کی ہدایت ملنا، اس کی عبادت کی توفیق حاصل ہونا اور اپنے اندر سکون محسوس کرنا بھی بہترین نصیب کی علامات ہیں۔

پیغام میں محبت، عزت اور جذباتی تحفظ پر مبنی ازدواجی زندگی کو ایک خوبصورت نعمت قرار دیا گیا، تاہم یہ سوال بھی اٹھایا گیا کہ آخر شادی کو ہی عورت کی پوری زندگی اور قسمت کا مرکز کیوں بنا دیا جاتا ہے؟صنم سعید کے شیئر کردہ پیغام کے مطابق بیٹی کا نصیب صرف اس گھر تک محدود نہیں جہاں اس کی شادی ہوگی، بلکہ اس کی اپنی زندگی بھی اللہ تعالیٰ کی بے شمار نعمتوں، خوشیوں اور امکانات سے بھرپور ہے۔اداکارہ نے والدین کو یہ پیغام دیا کہ وہ اپنی بیٹیوں کے لیے صرف اچھے رشتے کی دعا نہ کریں بلکہ زندگی کے ہر شعبے میں ان کی خوشی، کامیابی، عزت، صحت اور بھلائی کی دعا بھی کریں۔پیغام کا اختتام اس دعا کے ساتھ کیا گیا کہ اللہ تعالیٰ تمام بیٹیوں کو زندگی کے ہر پہلو میں خوبصورت نصیب عطا فرمائے۔ آمین۔