ویب ڈیسک: ورسٹائل اداکارہ صنم سعید ٹی وی اسکرین پر شاندار واپسی کے لیے تیار ہیں، وہ جلد ڈرامہ سیریل ’میں منٹو نہیں ہوں‘ میں اداکاری کے جوہر دکھاتی نظر آئیں گی۔
اداکارہ نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ماضی کے یادگار کرداروں کی جھلکیاں شیئر کرتے ہوئے اس نئی ڈرامہ سیریل کا اعلان کیا۔ صنم نے پوسٹ میں لکھا کہ وہ ایک طویل وقفے کے بعد ایک منفرد کردار کے ساتھ ٹی وی پر واپسی کر رہی ہیں اور مداح انہیں ڈرامہ ’میں منٹو نہیں ہوں‘ میں ’مس ماریہ‘ کے کردار میں دیکھیں گے۔یاد رہے کہ صنم سعید آخری بار 2019 میں ڈرامہ ’دیدن‘ میں جلوہ گر ہوئی تھیں، جس کے بعد انہوں نے ٹی وی سے چند برسوں کا وقفہ لیا۔ اگرچہ وہ کچھ وقت قبل ڈرامہ ’دوسرا چہرہ‘ میں نظر آئیں، تاہم اب وہ باقاعدہ کم بیک کر رہی ہیں۔اداکارہ نے اُمید ظاہر کی کہ ان کا نیا کردار ناظرین کو پسند آئے گا۔ صنم سعید نے اپنی پوسٹ میں یہ بھی بتایا کہ وہ اپنے مداحوں کے لیے ایک نئی توانائی اور جذبے کے ساتھ اسکرین پر واپس آ رہی ہیں۔واضح رہے کہ حال ہی میں صنم سعید اور معروف اداکار محب مرزا کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔ اداکارہ نے کچھ عرصہ قبل محب مرزا سے اپنی شادی کا انکشاف بھی کیا تھا۔ مداح اب صنم سعید کے اس نئے کردار اور کم بیک کے شدت سے منتظر ہیں۔