صنم سعید کا کانز فلم فیسٹیول 2026ء میں شاندار ڈیبیو، پاکستان کی ثقافت اجاگر

صنم سعید کا کانز فلم فیسٹیول 2026ء میں شاندار ڈیبیو، پاکستان کی ثقافت اجاگر

پاکستانی اداکارہ صنم سعید نے عالمی شہرت یافتہ 79ویں کانز فلم فیسٹیول 2026ء میں شاندار انداز میں ڈیبیو کرتے ہوئے اپنی ثقافتی شناخت کو عالمی سطح پر نمایاں کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صنم سعید کانز فلم فیسٹیول کے ریڈ کارپٹ پر روایتی مگر جدید انداز سے مزین لباس میں جلوہ گر ہوئیں، جس میں مشرقی ثقافت اور معاصر فیشن کا حسین امتزاج دیکھا گیا۔ ان کے پُرسکون اور باوقار انداز نے بین الاقوامی میڈیا اور فیشن حلقوں کی خاص توجہ حاصل کی۔اداکارہ نے انسٹاگرام پر اپنے تجربے کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ لمحہ ان کے لیے کسی بڑے اعزاز سے کم نہیں تھا۔ ان کے مطابق وہ اس بار کسی فلم ٹیم یا برانڈ ایمبیسیڈر کے طور پر نہیں بلکہ ایک جنوبی ایشیائی خاتون کے طور پر پاکستان کی ثقافت، ہنر اور خواتین کی نمائندگی کے لیے کانز میں شریک ہوئیں۔صنم سعید نے مزید کہا کہ وہ ان تمام پاکستانی خواتین کی نمائندگی کرنا چاہتی تھیں جو ماضی میں، حال میں اور مستقبل میں فلم اور آرٹس کی دنیا سے وابستہ ہیں، خصوصاً وہ خواتین جو پسِ پردہ رہ کر بھی اپنی خدمات انجام دیتی ہیں۔

اداکارہ نے اپنے لباس کے لیے پاکستانی ڈیزائنر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ روایتی دستکاری اور جدید تخلیقی انداز کے امتزاج نے ان کے کانز لک کو منفرد بنایا۔دوسری جانب اداکار محب مرزا نے بھی اپنی اہلیہ کی اس کامیابی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صنم سعید کا مقصد اور ان کا جذبہ قابلِ تعریف ہے اور یہ لمحہ ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔صنم سعید نے اپنی کانز شرکت کو پاکستانی فلم انڈسٹری کی لیجنڈ اداکارہ شمیم آرا کے نام بھی کیا، جنہوں نے ماضی میں خواتین فنکاروں کے لیے راہیں ہموار کیں اور پاکستانی سنیما میں اہم کردار ادا کیا۔