ویب ڈیسک: بے سُری گائیکی کی ویڈیوز کے ذریعے شہرت حاصل کرنے والے گلوکار چاہت فتح علی خان نے خود کو بہترین گلوکار قرار دے دیا ہے۔
حال ہی میں ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے چاہت نے اپنی ذات پر کی جانے والی تنقید کا سخت جواب دیا اور کہا کہ بہت سے لوگ ان سے حسد کرتے ہیں اور ان کے فن کو تسلیم نہیں کرتے۔چاہت فتح علی خان نے بتایا کہ کچھ گلوکار تقریبات میں ان کے ساتھ پرفارم کرنے سے انکار کر دیتے ہیں کیونکہ وہ تکبر کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود اپنی موسیقی تخلیق کرتے ہیں اور انہیں اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ لوگ انہیں گلوکار سمجھتے ہیں یا نہیں۔
اپنے گانے "بدو بدی" کے حوالے سے چاہت نے کہا کہ یہ گانا اصل ورژن سے مختلف ہے اور اس پر ہونے والی تنقید بے بنیاد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نہ نور جہاں کو اصل گانے کی وجہ سے شہرت ملی اور نہ ہی ممتاز کو، اسی طرح ان کے گانے پر تنقید غیر ضروری ہے کیونکہ یہ گانا خاص طور پر خواتین کے لیے بنایا گیا ہے۔
چاہت نے کہا کہ لوگ ان سے بے وقوفانہ سوالات کرتے ہیں، مگر وہ اپنی مرضی کے مطابق موسیقی کرتے رہیں گے اور تنقید کرنے والوں کو وہ نظرانداز کرتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ وہی کام کر رہے ہیں جس سے انہیں خوشی ملتی ہے اور تنقید ان کے حوصلے کو متاثر نہیں کر سکتی۔