وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے پیش نظر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔
انہوں نے شہریوں کی حفاظت اور سہولت کے لیے متعدد اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ گرمی کی شدت سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے۔ہدایات کے مطابق، ہر شہر کے اہم چوراہوں، عوامی مقامات اور بازاروں میں سائے اور شیڈز کا انتظام کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو گرمی سے بچاؤ حاصل ہو۔ اسی طرح، ویگن اسٹینڈز، بس ٹرمینلز اور ریلوے اسٹیشنز پر ٹھنڈے پانی، پنکھوں اور ایئر کولرز کی دستیابی کو یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔ سرکاری دفاتر میں آنے والے شہریوں کے لیے بھی ٹھنڈا پانی فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔وزیراعلیٰ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ شدید گرمی اور لو کے دوران بلا ضرورت گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، خاص طور پر خواتین، بزرگوں اور بچوں کا خصوصی خیال رکھا جائے۔
تعلیمی اداروں میں جاری سمر کیمپس کے حوالے سے بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ طلبہ اور اساتذہ کے لیے ٹھنڈے پانی، پنکھوں اور ایئر کولرز کا مناسب انتظام کیا جائے۔مزید برآں، ٹریفک پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ شدید دھوپ میں موٹر سائیکل سواروں کو بلا ضرورت روکا نہ جائے، اور خاص طور پر اگر فیملی یا بچے موٹر سائیکل پر سوار ہوں تو انہیں دھوپ میں کھڑا کرنے سے گریز کیا جائے تاکہ شہریوں کو گرمی سے بچاؤ فراہم کیا جا سکے۔