وزیراعظم کی ذیابیطس سے بچاؤ کے لیے جامع حکمتِ عملی تیار کرنے کی ہدایت

وزیراعظم کی ذیابیطس سے بچاؤ کے لیے جامع حکمتِ عملی تیار کرنے کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں ذیابیطس کی روک تھام کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کرنے اور عوامی آگاہی بڑھانے کی ہدایت کر دی ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ذیابیطس کے علاج سے وابستہ قومی اور بین الاقوامی طبی ماہرین کے وفد نے ملاقات کی، جس میں بیماری کی روک تھام، بروقت تشخیص اور عوام میں آگاہی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ ذیابیطس جیسے بڑھتے ہوئے صحت کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے صرف علاج پر انحصار کافی نہیں، بلکہ بیماری سے بچاؤ کے اقدامات پر بھی خصوصی توجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔شہباز شریف نے ہدایت کی کہ نوجوانوں، بالخصوص کالجوں اور جامعات کے طلبہ میں صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے متوازن غذا، باقاعدہ جسمانی سرگرمی اور صحت مند معمولات اپنانے سے متعلق قومی سطح پر آگاہی مہم چلانے پر بھی زور دیا۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ٹیلی ویژن، ریڈیو، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور دیگر ذرائع ابلاغ کے ذریعے ذیابیطس سے بچاؤ، بروقت تشخیص اور صحت مند طرزِ زندگی سے متعلق معلومات عام کی جائیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوام میں آگاہی بڑھا کر ذیابیطس کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ اس بیماری سے پیدا ہونے والے صحت کے مسائل پر قابو پانے میں مدد مل سکے۔