دنیا بھر کی طرح عرب خطہ بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے، جس کے پیش نظر دبئی پولیس نے موسمِ گرما میں گاڑیوں میں آگ لگنے کے بڑھتے ہوئے خطرات سے متعلق شہریوں اور رہائشیوں کے لیے احتیاطی ہدایات جاری کی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دبئی پولیس کا کہنا ہے کہ بلند درجہ حرارت کے دوران معمولی غفلت بھی گاڑی میں آگ لگنے کا سبب بن سکتی ہے۔پولیس کے مطابق موسمِ گرما میں گاڑیوں میں آگ لگنے کی عام وجوہات میں ناقص برقی وائرنگ، ایندھن یا تیل کا رساؤ، بروقت دیکھ بھال نہ کرانا، خراب بیٹری، انجن کا حد سے زیادہ گرم ہونا اور گاڑی کے اندر آتش گیر اشیا چھوڑ دینا شامل ہیں۔ لائٹر، پاور بینک، ایروسول اسپرے، گیس سلنڈر اور دیگر دباؤ والے کنٹینرز بند گاڑی میں شدید گرمی کے باعث خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔دبئی پولیس نے ڈرائیوروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ گاڑی کی باقاعدہ سروس کرائیں، برقی نظام، انجن آئل، کولنٹ اور بیٹری کی حالت کا معائنہ کرتے رہیں، جبکہ گاڑی کے اندر آتش گیر یا دباؤ والی اشیا ہرگز نہ چھوڑیں۔
حکام نے یہ بھی ہدایت کی کہ ہر گاڑی میں معیاری فائر ایکسٹنگوشر موجود ہونا چاہیے اور اس کی مدتِ استعمال بھی چیک کی جائے۔ اگر دھواں یا جلنے کی بو محسوس ہو تو فوراً گاڑی محفوظ مقام پر روک کر انجن بند کریں اور متعلقہ ہنگامی اداروں سے رابطہ کریں۔دبئی پولیس کا کہنا ہے کہ گرمی کے مہینوں میں معمولی احتیاط نہ صرف قیمتی املاک کو نقصان سے بچا سکتی ہے بلکہ انسانی جانوں کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے، اس لیے سفر سے قبل گاڑی کی فنی حالت کا ضرور جائزہ لیا جائے۔