کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے بلوائیوں کاہسپتال میں مریضوں‘عملے پر تشدد آزاد کشمیر میں تشدد کا راستہ اختیار کرنیوالے جمہوری عمل نہیں چاہتے: خواجہ آصف

بھارتی ایماء پرہسپتالوں پرحملے، مریضوں پرتشدد اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والے عناصر کا مقصد حقوق کا حصول نہیں بلکہ انتشار اور دہشتگردی پھیلاناہے:ماہرین
 کوئی شخص یا گروہ تشدد اور مسلح جتھوں کے ذریعے  غیر آئینی اور ریاست مخالف ایجنڈے کو نافذ کرنے کی کوشش کرے گا تو ریاست پوری قوت سے قانون پر عملدرآمد کرے گی:وزیردفاع
راولاکوٹ‘اسلام آباد (آن لائن)کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے بلوائیوں کے انسانیت سوز مظالم کی ہولناک ویڈیو منظرِ عام پر آگئی ۔  کمیٹی کے سرغنہ شوکت اور خارجی شہزاد کے بیانات جو پہلے ہی منظر عام پر ہیں ، سے صاف ظاہر ہے  راولاکوٹ میں ہونے والے پرتشدد واقعات ایک منظم منصوبہ بندی کا حصہ تھے۔ اسی منظم منصوبہ بندی کے تحت سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا اور لاشوں کی سیاست کی گئی اور سی ایم ایچ راولاکوٹ پر حملہ کیا گیا تاکہ راولاکوٹ میں حالات  خراب کر کے احتجاج کا ماحول پیدا کیا جائے ۔ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے شر پسندوں  نے سات جون کی رات  ہسپتال  میں تعینات پولیس پر سیدھے فائر کر کے پولیس کو شہید کیا اور پھر ہسپتال کے اندر وارڈ میں موجود مریضوں پر قاتلانہ حملے چھریوں اور نوک دار ہتھیاروں  سے  کئے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کالعدم ایکشن کمیٹی کے بلوائیو  ںنے ہسپتال  میں زیر علاج دیگر مریضوں اورعملے کو بھی تشددکا نشانہ بھی بنایا اور یرغمال بنا  ئے رکھا ۔ شرپسندوں نے سی ایم ایچ راولاکوٹ میں توڑ پھوڑ کی اوراملاک کو نقصان پہنچایا۔  ۔ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا  ہسپتال کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے اور جنگی جرائم کے زمرے میں آتا ہے۔ بھارتی ایماء پرہسپتالوں پرحملے، مریضوں پرتشدد اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والے عناصر کا مقصد حقوق کا حصول نہیں بلکہ انتشار اور دہشتگردی پھیلاناہے۔  دریں اثناء  وزیر دفاع خواجہ آصف نے آزاد کشمیر میں پیدا ہونے والی صورتحال کے تناظر میں کہا ہے کہ انتخابات قریب ہوں تو متنازع معاملات کو عوام کی عدالت میں لے جانا ہی جمہوری سوچ کا بنیادی تقاضا ہے۔ جبکہ  عوامی رائے کے بجائے قتل و غارت اور لوٹ مار کے ذریعے اپنے نظریات مسلط کرنے والے عناصر کے عزائم کچھ اور ہوتے ہیں۔اپنی ایک ٹوئٹ میں خواجہ آصف نے کہا کہ پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت اور ان کی لاشوں کی بے حرمتی جیسے واقعات اس بات کو ظاہر کرتے ہیں کہ ایسے عناصر عوامی رائے یعنی انتخابات کے راستے پر چلنے کے لیے تیار نہیں۔وزیر دفاع نے کہا کہ اگر کوئی شخص یا گروہ تشدد اور مسلح جتھوں کے ذریعے اپنے غیر آئینی اور ریاست مخالف ایجنڈے کو نافذ کرنے کی کوشش کرے گا تو ریاست پوری قوت سے قانون پر عملدرآمد کرے گی۔خواجہ آصف نے مزید کہا کہ کشمیری عوام کو اپنی رائے کے آزادانہ اظہار کا موقع فراہم کیا جائے گا اور فیصلے عوامی رائے کے ذریعے ہی ہونے چاہئیں۔