یونان: ریچھ کے حملے کے بعد کوہ پیما 500 میٹر کھائی میں گر کر ہلاک

یونان: ریچھ کے حملے کے بعد کوہ پیما 500 میٹر کھائی میں گر کر ہلاک

شمالی یونان کے فرکتو جنگل میں ایک اندوہناک واقعے میں معروف کوہ پیما ریچھ کے حملے کے بعد تقریباً 500 میٹر گہری کھائی میں گر کر ہلاک ہوگیا۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب دیمتریس کیوروگلو اور ان کے ساتھی 77 سال قبل تباہ ہونے والے یونانی فضائیہ کے لڑاکا طیارے کا ملبہ تلاش کرنے نکلے تھے۔دیمتریس نے یونانی نشریاتی ادارے ای آر ٹی سے گفتگو میں بتایا کہ اچانک ان کے ساتھی نے چیخ کر خبردار کیا کہ قریب ہی ایک ریچھ ہے، جس کے فوراً بعد ایک بڑا ریچھ ان پر حملہ آور ہوگیا۔ ان کا بیلجین مالینوس نسل کا وفادار کتا ریچھ کے سامنے آیا اور دیمتریس کو مرچوں والا اسپرے نکالنے کا موقع دیا، لیکن ریچھ اس سے مکمل طور پر نہ رُکا۔ریچھ نے پہلے دیمتریس پر حملہ کیا، پھر ان کے ساتھی کو دھکا دے کر گہری کھائی میں گرا دیا۔ دیمتریس نے فوراً ایمرجنسی سروسز کو کال کی اور علاقے کے کوآرڈینیٹس فراہم کیے۔

بعدازاں وہ خود بھی خطرناک کھائی میں اترے اور 24 میٹر نیچے تک گئے، لیکن دوست کا سراغ نہ لگا سکے۔ ریسکیو ٹیمز نے اگلے روز 500 میٹر گہرائی سے کوہ پیما کی لاش برآمد کی۔ماحولیاتی ادارے آرکٹوروس کے مطابق یونان میں 450 کے قریب بھورے ریچھ موجود ہیں، جن میں سے بڑی تعداد پندوس اور رودوپی پہاڑوں میں پائی جاتی ہے، جہاں یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔

یہ واقعہ نہ صرف ماحولیاتی خطروں کی طرف توجہ دلاتا ہے بلکہ مہم جوئی کے دوران حفاظتی انتظامات کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتا ہے۔