ماسکو: روس کے شمالی قفقاز کے علاقے کاباردینو بلکاریا میں ماؤنٹ میزھرگی سے برفانی تودہ گرنے کے نتیجے میں کم از کم 11 کوہ پیما ہلاک اور 6 لاپتہ ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ بیزینگی گھاٹی میں پیش آیا، جہاں 33 کوہ پیماؤں پر مشتمل گروپ موجود تھا۔حکام کے مطابق حادثے کے بعد 10 افراد خود محفوظ مقام تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے، جبکہ 6 زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ لاپتہ کوہ پیماؤں کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر امدادی کارروائی جاری ہے۔ آپریشن میں 50 سے زائد امدادی اہلکار حصہ لے رہے ہیں، تاہم دشوار گزار پہاڑی علاقہ اور مزید برفانی تودے گرنے کے خطرے کے باعث ریسکیو کارروائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔حکام کے مطابق امدادی ٹیمیں ملبے اور برف میں پھنسے افراد کی تلاش کررہی ہیں، جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے روسی حکام نے تحقیقات بھی شروع کردی ہیں۔