ایک دوسرے کو نیچا دکھانے میں شہر کا نقصان ہوگا، مل کر کام کرنے سے شہر کی خدمت ہوگی،مرتضیٰ وہاب
کراچی(آئی این پی)کراچی کے میئر مرتضیٰ وہاب نے ایم کیو ایم پاکستان اور جماعتِ اسلامی کو ساتھ مل کر کام کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک دوسرے کو نیچا دکھانے میں شہر کا نقصان ہوگا، مل کر کام کریں گے، شہر کی خدمت بھی ہوگی کام بھی ہوگا۔کراچی میں سندھ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈ حکام کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ مصطفی بھائی اور منعم بھائی، پریس کانفرنس چھوڑیں، آئیں ہمارے ساتھ بیٹھیں۔میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہم تنقید کا جواب کام سے دیں گے، کہیں بری چیز ہوتی ہے تو کہتے ہیں میئر ناکام ہو گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ سڑکوں پر آلائشیں اور چربی اٹھانے والوں کے خلاف 144مقدمات قائم ہوئے، اب تک 146801آلائشیں اور کچرا لینڈ فِل سائٹ پر پہنچایا جا چکا ہے۔میئرکراچی کا کہنا تھا کہ کے ایم سی کی چھوٹی گاڑیاں گلیوں سے آلائشیں اٹھا رہی تھیں۔