یہ ابھی آدھا کام ہوا ہے، جب تک کے ایم سی کے اکائونٹ میں پیسے منتقل نہیں ہوتے کام مکمل نہیں ہوگا،مرتضیٰ وہاب
کراچی(آئی این پی ) میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ میرے کہنے پر گورنر سندھ نے بالآخر وزیر اعظم کو خط لکھ دیا ہے لیکن میں نے ہر پریس کانفرنس میں کہا کہ صرف خط لکھنے سے کام نہیں چلے گا۔سندھ ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی جانب سے وزیر اعظم شہباز شریف کو 100ارب روپے کی گرانٹ کیلئے خط لکھنے پر ردعمل د یتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شکر گزار ہوں کامران ٹیسوری نے خط لکھا ہے مگر یہ ابھی آدھا کام ہوا ہے، جب تک کے ایم سی کے اکائونٹ میں پیسے منتقل نہیں ہوتے کام مکمل نہیں ہوگا۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ گورنر سندھ میرے بھائی ہیں اور میرا ان سے ذاتی رشتہ ہے، آئینی و قانونی اعتبار سے گورنر کا جو اختیار ہے وہ گورنر کرے اور حکومت کا جو ہے وہ حکومت کرے۔