امیگریشن پالیسی کیخلاف پرتشدد مظاہروں پر قابو پانے کے لیے نیشنل گارڈ کی تعیناتی کے بعد صورتحال مزید سنگین ہو گئی
لاس اینجلس( آئی این پی )لاس اینجلس میں امیگریشن پالیسی کے خلاف پرتشدد مظاہروں پر قابو پانے کے لیے نیشنل گارڈ کی تعیناتی کے بعد صورتحال مزید سنگین ہو گئی ۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کاکہنا ہے کہ کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوسم کو گرفتار کر لیا جائے۔غیرملکی میڈیارپورٹس کے مطابق ٹرمپ کی جانب سے سخت امیگریشن پالیسیوں کے نفاذ پر لاس اینجلس میں گذشتہ چار دنوں سے احتجاج جاری ہے۔ مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، گاڑیاں جلائی گئیں، اور مرکزی شاہراہیں بند کی گئیں۔وائٹ ہائوس نے ان مظاہروں کو قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کے حق میں جواز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صورتحال مزید سخت اقدامات کا تقاضا کرتی ہے۔گورنر نیوسم نے نیشنل گارڈ کی تعیناتی کو غیر آئینی قرار دے کر وفاقی حکومت کے خلاف مقدمہ دائر کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا،یہی کچھ ٹرمپ چاہتا تھا، ہم اس غیرقانونی اقدام کے خلاف عدالت جا رہے ہیں۔دوسری جانب ٹرمپ نے ایک صحافی کے سوال کے جواب میں کہااگر میں ٹام ہومین کی جگہ ہوتا، تو گورنر کو گرفتار کر لیتا، یہ ایک بہترین کام ہو گا۔