ہمیں مل کر آگے بڑھنا ہوگا، قوم اس وقت پوری طرح متحد ہے‘معیشت بہتر ہورہی ہے، تمام معاشی اشاریئے باعث اطمینان ہیں، برآمدات ‘ترسیلات زر، آئی ٹی ایکسپورٹس میں اضافہ ہوا ہے‘ عام آدمی اور تنخواہ دار طبقے نے بڑی قربانیاں دی ہیں
پانی کو کوئی بطور ہتھیار استعمال نہیں کرسکتا، اپنا حق لے کر رہیں گے، ہمارا پانی کوئی نہیں روک سکتا‘عالمی طاقتیں اپنا اثر ورسوخ استعمال کر کے غزہ میں جنگ بندی کرائیں‘ وہاں بے گناہ مسلمانوں کا خون بہایا جارہا ہے وفاقی کابینہ اجلاس سے خطاب
اسلام آباد(آئی این پی )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے پاکستان ایسے مقام پر کھڑا ہے جہاں ہمیں آگے بڑھنا ہے،ملکی معیشت بہتر ہورہی ہے، تمام معاشی اشاریے باعث اطمینان ہیں، قوم کی محنت سے ملک ٹیک آف کی پوزیشن میں آگیاا ہے‘برآمدات اور ترسیلات زر، آئی ٹی ایکسپورٹس میں اضافہ ہوا ہے ، موجودہ بجٹ میں ہم نے معاشی ترقی پر توجہ مرکوز کی ہے ،معاشی ترقی کی طرف بڑھنا ہے، قوم اور حکومت نے پچھلے سوا سال میں سنگین حالات اور چیلنجز کا سامنا کیا، عام آدمی اور تنخواہ دار طبقے نے بڑی قربانیاں دیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کیے جانے سے قبل وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پوری قوم اور مسلم امہ کو حج اور عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ فلسطین اور کشمیر میں بربریت کی جتنی مذمت کریں کم ہے، عالمی طاقتیں فی الفور اپنا اثر استعمال کرکے جنگ بندی پر عمل کرائیں، خواتین، بچوں، بزرگوں کا بے گناہ خون بہایا جا رہا ہے، فلسطین اور کشمیر کے عوام کی قربانیاں ہیں، انہیں ضرور آزادی ملے گی۔ان کا کہنا ہے پاکستان ہمیشہ فلسطین اور کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑا رہا، آئندہ بھی کھڑا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر میں جو ظلم ہورہا ہے اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، یہ وقت ہے کہ عالمی طاقتیں اپنا اثر بروئے کار لاتے ہوئے جنگ بندی کا اہتمام کریں، کیونکہ وہاں بے گناہ مسلمانوں کا خون بہایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے قوی امید ہے کہ فلسطین اور کشمیر کے عوام کو آزادی ملے گی، پاکستان کے عوام کشمیری اور فلسیطنی بھائیوں کے ساتھ ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے سوا سال میں جن سنگین حالات اور چیلنجز کا پوری قوم اور حکومت نے سامنا کیا وہ کسی بھی لحاظ سے معمولی کامیابی نہیں، عام آدمی نے جو قربانیاں دی ہیں، تنخواہ دار طبقے نے جو پچھلے بجٹ کے حوالے سے جو بوجھ اٹھایا ہے وہ کہتے ہیں کہ اشرافیہ نے کتنا بوجھ اٹھایا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ وقت آگیا ہے کہ آئندہ بجٹ کے بعد ہمیں معاشی ترقی پر توجہ دینی ہے، ہم نے روایتی جنگ میں اپنے دشمن کو شکست فاش دی ہے، اسی سے آپ اندازہ کرلیں کہ اگر یہ جنون اور یہ تڑپ ہو کہ ہم نے معاشی میدان میں بھی آگے نکلنا ہے اور مخالفین کو پیچھے چھوڑنا ہے اور پاکستان کو اس کا حق دلوانا ہے تو یہ مشکل ضرو رہے مگر ناممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں مل کر آگے بڑھنا ہوگا، قوم اس وقت پوری طرح متحد ہے، یہ لمحہ صدیوں میں آتا ہے اور ہمیں اس لمحے کو ضائع نہیں کرنا، اور شبانہ روز محنت سے آگے بڑھنا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس عرصے میں پاکستان ایسے مقام پر کھڑا ہے جہاں ہمیں آگے بڑھنا ہے، تمام معاشی اشاریے باعث اطمینان ہیں، برآمدات اور ترسیلات زر، آئی ٹی ایکسپورٹس میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ جس طرح اس جنگ میں ہم نے دشمن کو شکست فاش دی، اسی طرح پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کے حوالے سے اس کی جو دھمکیاں ہیں، اول تو وہ ایسا کر نہیں سکتا، معاہدے میں کوئی ایسی شق نہیں ہے، نہ اس کو کوئی حق ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم اپنے حق کا ایک ایک قطرہ پانی لے کر رہیں گے اور اس میں کوئی خلل برداشت نہیں کریں گے اور اللہ تعالی کے فضل و کرم سے ہم اس مرحلے میں بھی ضرور کامیاب ہوں گے۔