آئندہ سیلابی خطرات سے بچاؤ کے لیے پنجاب حکومت نے راوی کنارے واقع آبادیوں کو محفوظ بنانے کا جامع پلان تیار کر لیا ہے۔
منصوبے کے تحت راوی اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی (روڈا) کے تعاون سے راوی سٹی کے گرد 46 کلومیٹر طویل مضبوط بند تعمیر کیا جائے گا، جسے حکومت نے اپنی ترجیحات میں شامل کر لیا ہے۔گزشتہ روز سیکرٹری ہاؤسنگ نور الامین مینگل اور سی ای او سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ (سی بی ڈی) نے مجوزہ علاقے کا دورہ کر کے منصوبے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا۔ محکمہ ہاؤسنگ پنجاب کی نگرانی میں یہ منصوبہ روڈا مکمل کرے گا، جس کے لیے ابتدائی طور پر 100 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ منصوبے پر فوری عملدرآمد کے لیے روڈا کو کم از کم 50 ارب روپے درکار ہیں، جبکہ پنجاب حکومت منصوبے کی تکمیل کے لیے 150 ارب روپے بطور قابلِ واپسی قرض فراہم کرے گی۔
منصوبے کے تحت ایک سال میں بند کی تعمیر مکمل کی جائے گی اور ساتھ ہی دو بیراج بھی تعمیر کیے جائیں گے تاکہ پانی کی روانی کو کنٹرول کیا جا سکے۔سیکرٹری ہاؤسنگ نور الامین مینگل اس منصوبے کی منظوری کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب کو باقاعدہ سمری ارسال کر چکے ہیں، جبکہ روڈا، محکمہ ہاؤسنگ اور پنجاب حکومت منصوبے پر اصولی آمادگی ظاہر کر چکے ہیں۔