فیفا ورلڈ کپ میں اپنی تاریخ کی بہترین کارکردگی دکھانے والی مصر کی قومی فٹبال ٹیم کا وطن واپسی پر ہزاروں شائقین نے والہانہ استقبال کیا۔
قومی پرچم لہراتے، ترانے گاتے اور تعریفی بینرز اٹھائے مداح شمالی ساحلی شہر العلمین کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اپنی ٹیم کے استقبال کے لیے بڑی تعداد میں موجود تھے۔ورلڈ کپ میں مصر نے پہلی بار ایک میچ جیتنے کے ساتھ پری کوارٹر فائنل (آخری 16 ٹیموں) تک رسائی حاصل کی، جسے ملکی فٹبال کی تاریخ کی ایک اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔استقبال کے دوران شائقین نے قومی ٹیم کے کپتان محمد صلاح کی تصاویر بھی اٹھا رکھی تھیں، جن پر ان کی قیادت اور خدمات کو سراہتے ہوئے شکریہ کے پیغامات درج تھے۔بعد ازاں قومی ٹیم نے اوپن ٹاپ بس میں نیو العلمین کی سڑکوں پر پریڈ کی، جہاں شہریوں نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ کھلاڑیوں کا خیرمقدم کیا۔رپورٹس کے مطابق صدر عبدالفتاح السیسی بھی جلد قومی ٹیم اور کوچنگ اسٹاف سے ملاقات کریں گے اور ورلڈ کپ میں نمایاں کارکردگی پر انہیں خراجِ تحسین پیش کریں گے۔
اگرچہ مصر کو پری کوارٹر فائنل میں لیونل میسی کی قیادت میں ارجنٹائن کے ہاتھوں 3-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم ٹیم نے اپنے شاندار کھیل سے قوم کے دل جیت لیے۔دریں اثنا مصری فٹبال فیڈریشن نے ہیڈ کوچ حسام حسن اور ان کے جڑواں بھائی و ٹیم ڈائریکٹر ابراہیم حسن کے معاہدوں میں بھی توسیع کر دی ہے۔ فیڈریشن کے مطابق ان کی قیادت میں قومی ٹیم نے حالیہ برسوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔