مصر نے فیفا ورلڈ کپ میں تاریخ رقم کرتے ہوئے آسٹریلیا کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 4-2 سے شکست دے کر پہلی بار ناک آؤٹ مرحلے کا میچ جیت لیا۔
مقررہ وقت اور اضافی وقت کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 1-1 سے برابر رہا، جس کے بعد میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔ مصر کی جانب سے حسام عبدالمجید نے فیصلہ کن پنالٹی اسکور کی، جبکہ آسٹریلیا کے ہیری ساؤٹر اور لوکاس ہیرنگٹن اپنی پنالٹیز ضائع کر بیٹھے، جس کے نتیجے میں مصر نے 4-2 سے کامیابی حاصل کر لی۔تاریخی فتح کے بعد مصر کے ہیڈ کوچ حسام حسن نے کامیابی فلسطینی عوام کے نام کرتے ہوئے کہا کہ وہ دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ فلسطینیوں کو کامیابی عطا فرمائے اور شہدا پر اپنی رحمت نازل کرے۔
انہوں نے کہا کہ یہ فتح صرف مصری عوام ہی نہیں بلکہ فلسطینی بھائیوں کے لیے بھی ہے۔میچ کے اختتام پر حسام حسن میدان میں مصر اور فلسطین کے پرچم اٹھائے نظر آئے، جبکہ مصری کھلاڑیوں نے اجتماعی طور پر سجدۂ شکر بھی ادا کیا۔دوسری جانب غزہ میں بھی مصر کی کامیابی کا جشن منایا گیا۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں بمباری سے متاثرہ علاقوں اور عارضی خیموں میں مقیم فلسطینی شائقین کو میچ دیکھتے اور مصر کی فتح پر خوشیاں مناتے دیکھا گیا۔