فیفا ورلڈ کپ میں مصر نے تاریخ رقم کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو 1-3 سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کر لی۔
قاہرہ کی ٹیم کی اس فتح میں اسٹار فارورڈ محمد صلاح نے مرکزی کردار ادا کیا، جن کی شاندار کارکردگی نے مصر کی ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی کی امیدیں مزید روشن کر دی ہیں۔میچ کے آغاز میں نیوزی لینڈ نے بہتر حکمت عملی دکھائی اور کارنر کک پر فن سرمین کے ہیڈر کے ذریعے برتری حاصل کر لی۔ مصر وقفے تک ایک گول کے خسارے میں رہا، تاہم دوسرے ہاف میں ٹیم نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے مکمل طور پر میچ کا رخ بدل دیا۔58ویں منٹ میں مصطفیٰ زیکو نے محمد ہانی کے خوبصورت کراس پر شاندار ہیڈر کے ذریعے اسکور برابر کیا۔ اس کے کچھ ہی دیر بعد محمد صلاح نے شاندار فنشنگ کے ذریعے مصر کو برتری دلائی۔
میچ کے آخری لمحات میں صلاح نے ایک اور اہم موقع تخلیق کیا جس پر محمود تریزیگیہ نے ہیڈر کے ذریعے تیسرا گول اسکور کر کے مقابلہ 1-3 کر دیا اور فتح کو یقینی بنایا۔اس کامیابی کے بعد مصر دو میچوں میں چار پوائنٹس کے ساتھ گروپ جی میں سرفہرست آ گیا ہے، جبکہ نیوزی لینڈ ایک پوائنٹ کے ساتھ آخری پوزیشن پر موجود ہے۔میچ کے بعد مصری شائقین نے بھرپور جشن منایا اور اس فتح کو ٹیم کی ورلڈ کپ مہم کا اہم موڑ قرار دیا۔