ہیوسٹن میں کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ میچ میں پرتگال نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ازبکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 0-5 سے شکست دے دی۔
میچ کا مرکزی کردار ایک بار پھر کرسٹیانو رونالڈو رہے، جنہوں نے دو گول اسکور کر کے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔میچ کے آغاز میں ہی پرتگال نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور چھٹے منٹ میں رونالڈو نے شاندار فنش کے ذریعے ٹیم کو برتری دلائی۔ اس کے بعد 17ویں منٹ میں نونو مینڈس نے فری کک پر شاندار گول کرتے ہوئے اسکور 0-2 کر دیا۔پہلے ہاف میں ازبکستان کی جانب سے ایک گول کو فاؤل قرار دے کر مسترد کر دیا گیا، جس کے بعد پرتگال نے دوبارہ مکمل کنٹرول سنبھال لیا۔ 39ویں منٹ میں رونالڈو نے اپنا دوسرا گول اسکور کر کے اسکور 0-3 کر دیا۔
دوسرے ہاف میں بھی پرتگال کی برتری برقرار رہی۔ 60ویں منٹ میں برونو فرنانڈس کے کارنر پر ازبک کھلاڑی سے لگ کر گیند اپنے ہی گول میں چلی گئی، جس سے اسکور 0-4 ہوگیا۔اختتامی لمحات میں رافائل لیاؤ نے شاندار انفرادی موو کے بعد گول کر کے اسکور 0-5 تک پہنچا دیا۔ اضافی وقت میں رونالڈو ہیٹ ٹرک کے قریب پہنچے تاہم کامیاب نہ ہو سکے۔
اس فتح کے ساتھ پرتگال نے گروپ میں اپنی پہلی بڑی کامیابی حاصل کر لی۔