دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے فیفا ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد مصر کو 2-3 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
امریکا کے شہر اٹلانٹا میں کھیلے گئے میچ میں مصر نے جارحانہ آغاز کیا اور 15ویں منٹ میں یاسر ابراہیم کے گول کی بدولت 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔21ویں منٹ میں ارجنٹینا کو پنالٹی ملی، تاہم لیونل میسی کی پنالٹی مصری گول کیپر نے شاندار انداز میں روک کر اپنی ٹیم کی برتری برقرار رکھی۔دوسرے ہاف میں 67ویں منٹ پر مصطفیٰ زیکو نے دوسرا گول اسکور کرکے مصر کی برتری 0-2 کر دی، جس کے بعد بظاہر افریقی ٹیم اپ سیٹ کرنے کے قریب دکھائی دینے لگی۔تاہم ارجنٹینا نے آخری لمحات میں زبردست کم بیک کیا۔ 79ویں منٹ میں کرسٹیان رومیرو نے گول کرکے خسارہ کم کیا، جبکہ 83ویں منٹ میں لیونل میسی نے گول داغ کر مقابلہ 2-2 سے برابر کر دیا۔انجری ٹائم میں اینزو فرنینڈس نے فیصلہ کن گول اسکور کرکے ارجنٹینا کو 2-3 کی یادگار فتح دلا دی۔اس کامیابی کے ساتھ ارجنٹینا نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی، جہاں اس کا مقابلہ سوئٹزرلینڈ اور کولمبیا کے درمیان ہونے والے میچ کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔