جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن

 لاہور(کرائم رپورٹر) ایس پی اقبال ٹاؤن سدرہ خان کی زیرِ نگرانی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران شیراکوٹ پولیس نے دو رکنی ڈکیت گینگ کو گرفتار کر لیاپولیس کے مطابق ایس ایچ او شیراکوٹ عمران اسلم چٹھہ نے پولیس ٹیم کے ہمراہ خفیہ اطلاع پر تھیم پارک کے قریب ایک خالی پلاٹ پر کارروائی کرتے ہوئے ملزمان عرفان اور فریاد کو گرفتار کیا۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ملزمان شہریوں سے اسلحہ کے زور پر نقدی، موبائل فون اور موٹر سائیکلیں چھیننے کی وارداتوں میں ملوث تھے۔پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 4 قیمتی موبائل فون، نقدی، ایک پستول بمعہ گولیاں اور ایک ہنڈا موٹر سائیکل برآمد کر لی۔ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ایس پی اقبال ٹاؤن سدرہ خان نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او شیراکوٹ عمران اسلم چٹھہ اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ سٹریٹ کرائم کا خاتمہ پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔