لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران پولیس نے گزشتہ چار ماہ میں بڑی کامیابیاں حاصل کر لیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق خصوصی ٹیموں کی کارروائیوں میں مجموعی طور پر 10 ہزار 369 اشتہاری اور عادی مجرمان کو گرفتار کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق چار ماہ کے دوران 1926 خطرناک عادی مجرمان کو گرفتار کر کے جیل منتقل کیا گیا، جبکہ 2809 عدالتی مفروران کو بھی قانون کی گرفت میں لایا گیا۔ اسی عرصے میں 5634 اشتہاری ملزمان کی گرفتاری بھی یقینی بنائی گئی۔ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر دیگر اضلاع سے بھی 194 خطرناک اشتہاریوں کو گرفتار کیا گیا، جو مختلف سنگین جرائم میں مطلوب تھے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں جرائم کی بیخ کنی کیلئے بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہے اور اس سلسلے میں کوئی رعایت نہیں برتی جا رہی۔فیصل کامران نے واضح کیا کہ امن و امان کے قیام کیلئے جرائم پیشہ عناصر کا جیل میں ہونا ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سول وردی میں اہلکار اشتہاریوں اور جرائم پیشہ گینگز کی ریکی کر رہے ہیں تاکہ انہیں جلد از جلد گرفتار کیا جا سکے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کمیونٹی پولیسنگ کے تحت اپنا کردار ادا کریں، اپنے اردگرد نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا اشتہاری مجرم کی اطلاع فوری طور پر ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر دیں۔