کوئٹہ میں پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کی جانب سے دہشتگردوں کے خلاف مشترکہ "آپریشن شعبان" بھرپور انداز میں جاری ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ تازہ آپریشن کے دوران مزید 9 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دشوار گزار پہاڑی علاقوں اور دور دراز مقامات پر چھپے دہشتگردوں کو زمینی اور فضائی کارروائیوں کے ذریعے نشانہ بنایا۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن شعبان کے آغاز سے اب تک ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کی مجموعی تعداد 52 ہو چکی ہے، جبکہ 5 جولائی سے جاری آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مجموعی طور پر 88 دہشتگرد مارے جا چکے ہیں۔ذرائع کے مطابق بلوچستان میں دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک آپریشن بلا تعطل جاری رکھا جائے گا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیاب کارروائی پر پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بہادر سیکیورٹی فورسز نے دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنا دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد ملک و قوم کے دشمن ہیں، ان کا مکمل خاتمہ ناگزیر ہے اور امن دشمن عناصر کو کہیں بھی چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔