بیوی اور بیٹی نے آشنا کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کیا، فلم سے متاثر ہو کر لاش دریا میں پھینک دی

بیوی اور بیٹی نے آشنا کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کیا، فلم سے متاثر ہو کر لاش دریا میں پھینک دی

بھارتی ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد کے علاقے مشیر آباد میں ایک انتہائی افسوسناک اور لرزہ خیز واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ماں اور بیٹی نے مبینہ طور پر اپنے عاشق کے ساتھ مل کر خاندان کے سربراہ کو قتل کر دیا، پھر فلم دیکھنے گئے اور بعد ازاں لاش کو دریا میں پھینک دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقتول شخص کی شناخت لنگم کے نام سے ہوئی ہے، جو اپنی بیوی وڈلوری شردھا کے ساتھ ملازمت پیشہ تھا۔ دونوں معمولی آمدنی والی نوکریاں کرتے تھے۔ مقتول کی بیٹی منیشا جو اپنے شوہر سے علیحدہ ہو چکی تھی، کا ایک نوجوان حسین سے قریبی تعلق تھا، جسے لنگم ناپسند کرتا تھا۔پولیس تحقیقات کے مطابق، لنگم اور اس کی بیوی کے درمیان جھگڑا منیشا اور حسین کی دوستی کی وجہ سے شدت اختیار کر چکا تھا۔ منیشا نے اپنے والد کو دوپہر کے وقت نیند کی گولیاں دے کر بے ہوش کیا، جس کے بعد حسین اور ماں بیٹی نے مل کر پہلے اس کا سانس بند کیا اور پھر رسی کی مدد سے گلا گھونٹ کر قتل کر دیا۔قتل کے بعد، تینوں ملزمان مقامی سینما ہال میں فلم دیکھنے چلے گئے۔

 رپورٹس کے مطابق فلم میں لاش ٹھکانے لگانے کے طریقے دیکھ کر انہوں نے اسی طرز پر لاش کو چھپانے کا منصوبہ بنایا۔ فلم کے بعد وہ لاش کو دریا کے قریب لے گئے اور وہاں پھینک دیا۔دریا کے کنارے موجود مقامی افراد نے مشکوک حرکات دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف قتل اور شواہد مٹانے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔واقعے نے حیدرآباد سمیت پورے بھارت میں سنسنی پھیلا دی ہے اور سوشل میڈیا پر بھی اس دل دہلا دینے والے قتل کی مذمت کی جا رہی ہے۔