تلنگانہ کے ضلع میدک میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں 23 سالہ ممتھا نے اپنے آشنا 30 سالہ فیاض کے ساتھ مل کر اپنی دو سالہ بچی کو قتل کر دیا۔
ممتھا نے اعتراف کیا کہ بچی کے رات بھر رونے سے وہ اور اس کا محبوب پریشان ہوتے تھے، اسی لیے انہوں نے بچی کو موت کے گھاٹ اتارا۔یہ واقعہ 4 جون کو پیش آیا لیکن کئی ماہ تک راز میں رہا۔ پولیس نے ممتھا اور فیاض کو آندھرا پردیش سے گرفتار کیا، جہاں وہ چھپ کر رہائش پذیر تھے۔ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ دونوں نے بچی کا گلا گھونٹنے کے بعد لاش کو گاؤں کے قریب نالے کے کنارے دفنا دیا تھا۔ممتھا کے والد نے 27 مئی کو رپورٹ درج کروائی تھی کہ ان کی بیٹی لاپتہ ہے۔ پولیس نے تکنیکی نگرانی اور شواہد کی بنیاد پر ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کیا۔ ملزمان کے موبائل فون بھی اہم ثبوت کے طور پر برآمد ہوئے ہیں۔ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، اور اس المناک واقعے نے پورے علاقے کو صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔