فائر فائٹرز نے حفیظ سنٹر کو آگ کی نذر ہونے سے بچا لیا

نہ صرف آگ کو پلازہ میں پھیلنے سے روکا بلکہ کروڑوں کا سامان بھی بچ گیا
ٍلاہور(کرائم رپورٹر) سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نے حفیظ سنٹر لاہور میں فائر ریسکیو آپریشن کرنے والے فائر فائٹرز کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں بروقت ریسپانس کرتے ہوئے نہ صرف آگ کو پلازہ میں پھیلنے سے روکا بلکہ آگ پر بروقت قابو پاتے ہوئے کروڑوں روپئے مالیت کے تجارتی سامان سے بھرے پورے پلازہ کوآگ کی نذر ہونے سے بچا لیا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ایمرجنسی کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر لاہور کودوپہر1 بجے کال موصول ہوئی جس میں کالر نے بتایا کہ گلبرگ مین بلیوارڈ پر واقع پلازہ حفیظ سنٹر میں آگ بھڑک اٹھی ہے اور دھواں بھرجانے کی وجہ سے لوگ اندر پھنس گئے ہیں۔ریسکیورز چند منٹوں میں جائے حادثہ پر پہنچے اور اپنی پیشہ وارانہ تربیت کو بروئے کار لاتے ہوئے دو سیکٹرز سے فائر فائٹنگ شروع کی اور 30 منٹ کی مسلسل فائر فائٹنگ کے بعد آگ کو مزید پھلنے سے روکتے ہوئے نہ صرف آگ پر قابو پایا بلکہ کئی منزلوں پر مشتمل مکمل پلازہ کوآگ کی نذر ہونے سے بچا لیا۔سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹررضوان نصیر نے دوران آپریشن جائے حادثہ کا دورہ کیا اور میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ آگ پلازہ کی بیسمنٹ میں الیکٹریکل وائرنگ ڈکٹ میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگی اوربجلی کی تاروں کے ذریعے تیسری منزل تک جا پہنچی اس دوران تاروں کی انسولیشن جلنے سے کثیف دھواں عمارت میں بھر گیا۔انہوں نے ریسکیورزکو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے نا صرف آگ پر قابو پایا بلکہ شہریوں کو بھی محفوظ کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ایسا صرف ریسکیورز کی سخت تربیت اور جذبہ خدمت کے باعث ممکن ہوا۔ موقع پرموجودپلازہ یونین کے چیئر مین و دیگرنے ریسکیورز کی کارکردگی کو سراہا اور ریسکیوسروس کے حق میں نعرے بازی کی۔ اس فائر ریسکیو آپریشن میں ریسکیو 1122 کی20 زائد ریسکیو ایمرجنسی وہیکلز جن میں فائر وہیکلز، ایریل پلیٹ فارم وہیکل، واٹر بائزر،برانٹو سکائی لفٹ،ریسکیووہیکلز،ریسکیوموٹربائک ایمبولینسزاور ریسکیو ایمرجنسی ایمبولینسز شامل ہیں کے ہمراہ 100سے زائد ریسکیورز نے حصہ لیا۔ اس فائر ایمرجنسی میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا بلکہ بہترین آپریشن سے ریسکیو نے حفیظ سنٹر کو محفوظ بنایا، آپریشن کی کمانڈ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو شاہد وحید قمر نے کی