خواجہ سلمان رفیق کا فائر فائٹرز کو زبردست خراج تحسین

لاہور(کرائم رپورٹر)صوبائی وزیر ایمرجنسی سروسز پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے فائر فائٹرز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے شہریوں کی قیمتی انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کے لیے اپنی خدمات سرانجام دیتے ہوئے فرائض کی ادائیگی میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے فائر ریسکیو سروس کی جدید خطوط پر پیشہ ورانہ فائر فائٹنگ کے ذریعے 2 لاکھ 60 ہزار 830 آتشزدگی کے واقعات میں 716 ارب روپے کے نقصانات سے بچاؤ پر بھرپور تحسین کی۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 کے 24 شہداء قوم کے عظیم ہیرو ہیں جنہوں نے کمیونٹی کو تحفظ کا احساس دینے کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان شہداء کی مثالی کارکردگی اور قربانیاں اس سروس کا فخر اور ورثہ ہیں۔ انہوں نے ڈاکٹر رضوان نصیر، ان کی ٹیم اور 15 ہزار سے زائد ریسکیورز کو 1 کروڑ 70 لاکھ سے زائد ایمرجنسی متاثرین کو زندگی بچانے والی خدمات فراہم کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے وڑن کی بدولت ریسکیو سروس نے قلیل وقت میں ایئر ایمبولینس سروس کا آغاز کیا، جس کے ذریعے 130 سے زائد شدید زخمی اور بیمار مریضوں کو دور دراز علاقوں سے بہتر علاج کے لیے جدید ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا