سینیٹ اجلاس اپوزیشن لیڈر کی تقرری نہ ہونے پر پی ٹی آئی کااحتجاج حکومت نے نیب قانون میں ترمیم کا بل واپس لے لیا

سینیٹر ایمل ولی اور پی ٹی آئی ارکان کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا، ایوان مچھلی منڈی کا منظر پیش کرتا رہا‘اجلاس آج بھی جاری رہے گا
اسلام آباد(آئی این پی) سینیٹ میں حکومت نے نیب قانون میں ترمیم کا بل واپس لے لیا جبکہ سی ڈی اے ترمیمی بل 2025 اور فیڈرل پراسیکیوشن سروس ترمیمی بل 2025 منظور کرلیا گیا۔ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر نہ ہونے کے معاملے پر پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث ایوان مچھلی منڈی بنا رہا۔سینیٹ کا اجلاس پریزائیڈنگ افسر سینیٹر منظور کاکڑ کی زیرِ صدارت ہوا۔وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ نے نیب قانون میں ترمیم کا بل مزید غور کے لیے واپس لے لیا۔ایوان نے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی ترمیمی بل دوہزارپچیس اور فیڈرل پراسیکیوشن سروس ترمیمی بل دوہزارپچیس کی منظوری دے دی۔پریزائیڈنگ افسر کی جانب سے سینیٹر فیصل جاوید کی بجائے سینیٹر ایمل ولی کو فلور دینے پر پی ٹی آئی ارکان نے احتجاج کیا۔ سینیٹر ایمل ولی اور پی ٹی آئی ارکان کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا، ایوان مچھلی منڈی کا منظر پیش کرتا رہا۔ اپوزیشن نے کورم کی نشاندہی کی تاہم کارروائی جاری رہی۔سینیٹ کا اجلاس آج ساڑھے گیارہ بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔